سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے آسٹریلیا کی جانب سے ریاست فلسطین کو تسلیم کرنے کے ارادے اور نیوزی لینڈ کی جانب سے فلسطین کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ مملکت نے ان اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے انہیں دو ریاستی حل کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور مشرقی یروشلم کو اس کا دارالحکومت بنانے کے بین الاقوامی اتفاق رائے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر امن دوست ممالک کی جانب سے ریاست فلسطین کو تسلیم کرنا اور طویل عرصے سے جاری تنازع کے خاتمے کی کوششوں میں تعاون کرنا نہایت ضروری ہے، خاص طور پر اس تناظر میں کہ اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اس موقع پر عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔