صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن پر کہا ہے کہ بھائی چارے، ہم آہنگی اور یکجہتی کے ذریعے خوشحال پاکستان تشکیل دیں گے۔اپنے خصوصی پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ آج اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی ہم آہنگی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، آج کا دن قائداعظم کے اس وژن کی یاد دہانی کراتا ہے جس میں ہر شہری کو برابری اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتی برادریوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اقلیتوں نے مسلح افواج، عدلیہ، سول سروسز، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں شاندار خدمات انجام دی ہیں، اقلیتوں کی خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئینِ پاکستان بلاتفریق تمام شہریوں کو مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، آئین اقلیتوں کے سیاسی، معاشی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے، اقلیتی طلبہ کو وظائف اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
صدر مملکت نے بتایا کہ 2009 میں پہلی مدتِ صدارت کے دوران 11 اگست کو اقلیتوں کا دن قرار دیا تھا، بین المذاہب مکالمے کو فروغ دیں گے اور قومی زندگی میں اقلیتوں کی بامعنی شرکت کو یقینی بنائیں گے،اقلیتوں کو بااختیار بنانے، ترقی اور فلاح کے لیے کام جاری رکھیں گے۔