پاکستان ویمنز نے آئرلینڈ ویمنز کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
اس میچ کی خاص بات منیبہ علی کی شاندار سنچری تھی انہوں نے68 گیندوں پر 14چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 100 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں۔یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی دوسری سنچری ہے۔
اس طرح آئرلینڈ نے تین میچوں کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کرلی۔ اس نے پہلا میچ 11 رنز سے اور دوسرا میچ 4 وکٹوں سے جیتا تھا۔
اتوار کو کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا ٹاس آئرلینڈ ویمنز نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر155 رنز بنائے۔
پاکستان ویمنز نے جواب میں17 اعشاریہ 4 اوورز میں 2 وکٹوں پر 156 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
آئرلینڈ کی اننگز میں کپتان گیبی لوئس اور ایمی ہنٹر نے پہلی وکٹ کی شراکت میں52 رنز کا اضافہ کیا۔ گیبی لوئس 8 چوکوں کی مدد سے 36 رنز بناکر رامین شمیم کی گیند پر آؤٹ ہوگئیں۔ 86 کے مجموعی سکور پر وحیدہ اختر نے29 رنز بنانے والی ایمی ہنٹر کی وکٹ حاصل کرلی۔ 121 کے مجوعی سکور پر آئرلینڈ کی تیسری وکٹ گری جب سعدیہ اقبال نے لی پال کو 11 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کردیا۔اننگز کے آخری اوور میں فاطمہ ثنا نے ریبیکا سٹوکل کو 5 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کردیا لیکن اس اوور میں لگنے والے تین چوکوں کی وجہ سے آئرلینڈ کی ٹیم سکور 155 تک لے گئی۔
اورلا پرینڈر گاسٹ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اپنی 9 ویں اور سیریز میں دوسری نصف سنچری سکور کی اور 8 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان نے 156 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیز رفتار آغاز کیا اور منیبہ علی نے اننگز کی پہلی تین گیندوں پر تین چوکے لگائے۔ انہوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ان کی 100 رنزناٹ آؤٹ کی اننگز میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
شوال ذوالفقار کے3 اور نتالیہ پرویز کے 9 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد منیبہ علی اور عالیہ ریاض نے تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 101 رنز کا اضافہ کیا۔
عالیہ ریاض 39 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں ان کی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔