ڈبلن(سی این پی ) آئرلینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 11 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
اس میچ کی خاص بات کپتان فاطمہ ثنا کی26 رنز کے عوض 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی ہے جو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی بہترین بولنگ بھی ہے۔
یہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں آئرلینڈ کی 5 ویں کامیابی ہے ۔پاکستان ویمنز نے 15 میچز جیتے ہیں۔
بدھ کو کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ایمان فاطمہ کو ٹی ٹوئنٹی کیپ دی جنہوں نے اس سال قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے 8 میچوں میں155 کے سٹرائیک ریٹ سے 287 رنز بنائے تھے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے آئرلینڈ کو بیٹنگ دی جو 19 اعشاریہ 4 اوورز میں 142 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
جواب میں پاکستان ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 131 رنزبناسکی
آئرلینڈ کی اننگز میں ایمی ہنٹر 5 چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں۔اورلا پرینڈرگاسٹ نے 29 اور لی پال نے 28 رنز بنائے۔
فاطمہ ثنا نے چار اوورز میں 26 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ان کی بہترین بولنگ 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈنیڈن میں رہی تھی۔
سعدیہ اقبال ۔ نشرہ سندھو ۔ رامین شمیم اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فاطمہ ثنا نے دو کیچز بھی کیے اور ایک رن آؤٹ بھی کیا۔
ایک موقع پر آئرلینڈ کا سکور 3 وکٹوں پر 108 رنز تھا لیکن پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی اور عمدہ فیلڈنگ کے نتیجے میں میزبان ٹیم کی آخری 7 وکٹیں صرف 34 رنز کا اضافہ کرسکیں۔
پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہ ہوسکا منیبہ علی اور گل فیروزہ پانچ پانچ رنز بناکرآؤٹ ہوگئیں ۔ وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کے نتیجے میں پاکستان ٹیم کی مشکلات بڑھتی چلی گئیں۔ سدرہ امین 15 عالیہ ریاض 14 ایمان فاطمہ 4 اور فاطمہ ثنا 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو پاکستان کا سکور 6 وکٹوں پر70 رنز تھا۔
نتالیہ پرویز ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے29 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہیں۔ رامین شمیم 4 چوکوں کی مدد سے27 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
پاکستان کو آخری اوور میں جیتنے کے لیے22 رنز درکار تھے تاہم 10 رنز بن پائے۔
اورلا پرینڈرگاسٹ نے28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کے بقیہ دو میچز ڈبلن میں 8 اور 10 اگست کو کھیلے جائیں گے۔