پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم آئرلینڈ کے دورے کے لیے ڈبلن روانگی کے لیے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچ گئی۔ قومی خواتین ٹیم قطر ایئرویز کی پرواز کے ذریعے کراچی سے دوحہ کے راستے آئرلینڈ روانہ ہوئی جہاں وہ آج دوپہر ڈبلن پہنچے گی۔
دورہ آئرلینڈ کے دوران پاکستان ویمنز ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ سیریز کا پہلا میچ 6 اگست، دوسرا 8 اگست جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی 10 اگست کو شیڈول ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت آل راؤنڈر فاطمہ ثناء کر رہی ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، منیبہ علی، نجیحہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، شوال ذوالفقار، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبیٰ حسن اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ پرامید ہے کہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج کے ساتھ قومی ویمنز ٹیم آئرلینڈ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔