وزیرمملکت برائےخزانہ بلال اظہرکیانی نے کہا ہے کہ امریکا سے ٹریڈ ڈیل ایک مضبوط سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہاکہ امریکا سے تجارتی ڈیل ہماری معیشت کے لیے بڑی خوش آئند پیشرفت ہے، ڈیل کے نتیجے میں پاکستان سے امریکا جانے والی اشیاء کے ٹیرف میں کمی ہوگی اور اس ٹیرف میں کمی سے بہت بڑا اثر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال میں 32 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ میں سے 6 ارب ڈالر امریکا کی تھی، پاکستان کی سنگل لارجسٹ ایکسپورٹ ڈیسٹی نیشن امریکاہے، اس ڈیل کا یقنیناً ہماری ایکسپورٹ بنانے میں ایک بڑا کردار ہوگا۔
وزیرمملکت برائےخزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں یو ایس انویسٹمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ بڑھیں گے، پاکستان میں امریکی انوسیٹمنٹ میں اضافہ دیکھیں گے، اس کامیابی سے پاکستان کو معاشی طور پر فائدہ ہوگا۔بلال اظہر کیانی نے مزید کہا کہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف کی بات ہوئی ہے، یقیناً ہمیں اس کا اپنے ریجن کے اندر فائدہ ہوگا، ڈیل ہماری کامیاب سفارتکاری کی عکاسی کرتی ہے، اپنے اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو ہم نے مضبوط کیا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ حال ہی میں نائب وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی، اس سے پہلے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقات ہوئی، یہ ٹریڈ ڈیل ایک مضبوط سفارت کاری کا نتیجہ ہے، ہماری کامیاب سفارت کاری جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا تھا جس کا اعلان امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا تھا۔