وزیر اعظم شہباز شریف نے ورلڈ اکنامک فورم کے ساتھ تعاون کو گہرا کرنے میں پاکستان کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے، بالخصوص معاشی ترقی، صنفی شمولیت، پیشہ ورانہ تربیت اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں۔وہ ورلڈ اکنامک فورم کی منیجنگ ڈائریکٹر اور بورڈ ممبر سعدیہ زاہدی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ورلڈ اکنامک فورم کے منیجنگ ڈائریکٹر نے بھی ان شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
بات چیت کے دوران وزیراعظم نے فورم کے ساتھ پاکستان کی مضبوط اور دیرینہ شراکت داری کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ورلڈ اکنامک فورم کی پاکستان کے ساتھ مسلسل مصروفیات کو سراہا۔شہباز شریف نے سعدیہ زاہدی کو حالیہ برسوں میں پاکستان کی نمایاں معاشی بحالی کے بارے میں آگاہ کیا اور پائیدار ترقی کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا۔
سعدیہ زاہدی نے اپنے دورے کے دوران گرمجوشی سے مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملک کی مثبت اقتصادی رفتار کی تعریف کی اور ان کی قیادت میں موجودہ حکومت کی طرف سے کئے گئے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں اطراف نے پائیدار ترقی کے حصول کے لیے پاکستان اور ورلڈ اکنامک فورم کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔