وزیر اعظم شہباز شریف نے مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پاکستان بزنس ایکسپریس ٹرین کا آغاز کر دیا۔انہوں نے آج لاہور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے دیگر سہولیات کا بھی افتتاح کیا۔ ان سہولیات میں ایسکلیٹرز کی تنصیب، فیملی لاؤنج، جنرل ویٹنگ ہالز اور سی آئی پی لاؤنج کی تزئین و آرائش کے ساتھ وائی فائی کے ذریعے انٹرنیٹ تک رسائی شامل ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے پر وزیر ریلوے حنیف عباسی اور ریلوے انتظامیہ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک طویل سفر کی جانب پہلا قدم ہے اور پاکستان بھر کے دیگر اسٹیشنوں تک اس طرح کی سہولیات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے وزیر ریلوے پر زور دیا کہ وہ ٹرین سروس کو عام مسافر کے لیے بہترین سفر کا ذریعہ بنائیں، مال برداری کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور پاکستان ریلوے کو دنیا کے بہترین ریلوے نظاموں کے برابر لایا جائے۔
قبل ازیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ ان کی وزارت مسافروں کو بہترین سفری تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی ایم اور پی او ایس مشینیں نصب کی جائیں گی، ابتدائی طور پر 348 اسٹیشنوں پر مسافروں کو ٹکٹ خریدنے کے لیے کیش لیس تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے کی انکوائری سروسز کو اگلے ہفتے تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔حنیف عباسی نے کہا کہ کراچی ریلوے اسٹیشن پر ایسکلیٹرز بھی لگائے جائیں گے۔