نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے واشنگٹن میں ملاقات کی اور زور دیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرایا جانا چاہیے۔جمعہ کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے یہ ملاقات محکمہ خارجہ میں ہوئی۔ تقریباً 40 منٹ تک جاری اس ملاقات کو اسحاق ڈار نے بہت اچھی میٹنگ قرار دیا۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا طویل النبیاد شراکت داری کا عزم کیا، اقتصادی و تجارتی تعلقات بڑھانے اور انسداد دہشتگردی و سکیورٹی تعاون مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ساتھ ہی تشویش کے حامل دوطرفہ، علاقائی اور عالمی اشوز پر مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے حالیہ پاکستان بھارت جنگ بندی میں امریکا کے تعمیری کردار کی ستائش کی اور اس ضمن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے اقدامات کو قابل تحسین قراردیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ اس جنگ بندی نے دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تنازعہ بڑھانے سے روک لیا۔جموں وکشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مرکزی اشو ہے۔اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے اس ضمن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حالیہ متفقہ طور پر منظور قرارداد کا بھی ذکر کیا جس میں تنازعات کے پرامن حل پر زوردیا گیا ہے۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ملٹی لیٹرل فورم بشمول اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قریبی تعاون کی اہمیت کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے اقتصادی امور، تجارت، سرمایہ کاری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور انسداد دہشتگردی تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاک امریکا طویل البنیاد شراکت داری پر زور دیا۔
ایران، افغانستان اور غزہ کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے عالمی، علاقائی اور پڑوسی ممالک سے متعلق اہم امور پر بھی رائے کا تبادلہ کیا۔ علاقائی امن اور استحکام کیلئے دونوں ملکوں کے قریبی تعاون کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔وزیر خارجہ نے زوردیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو بڑھایا جائے۔انہوں نے اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹی فیشل انٹیلی جنس، کرپٹوکرنسی اور معدنیات کے شعبوں کا ذکر کرتےہوئے کہا کہ سرکاری اور نجی دونوں سطح پر سرمایہ کاری کی جانی چاہیے۔
دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ہر اول دستے کا کردار ادا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور امریکا کا تعاون بڑھنے سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہوگا اور خطے میں بھی امن اور استحکام آئے گا۔
وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر امن کے قیام کی کوششوں میں پاکستان تعمیری کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہے۔ دونوں رہنماوں نے مشرق وسطیی میں دیرپا امن کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا اورغزہ میں انسانی بحران کو فوری دور کرنے کے معاملے پر بات کی۔وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ ڈائیلاگ کے تسلسل اور باہمی احترام کے زریعے دونوں اقوام کیلئے زیادہ مستحکم، خوشحال اور باہمی مفاد کا حامل مستقبل بنایا جاسکتا ہے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ باہمی تعلقات کی تمام جہتوں پر وزیر خارجہ مارکو روبیو سے جامع بات چیت پر انہیں بےحد خوشی ہے۔