پاکستان نے اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے پر خودمختاری کی کوشش بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینی عوام کے حقوق کو مسلسل پامال کر رہا ہے، یہ یکطرفہ اقدامات امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، یہ اقدامات خطے کے استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے اسرائیل کو جوابدہ بنانے کا مطالبہ کرتا ہے، ایسے اقدامات فلسطین کی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام مسئلے کا واحد پائیدار حل ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے ایک اور متنازع قدم اٹھاتے ہوئے اپنی پارلیمنٹ میں مغربی کنارے پر قبضے کی قرارداد منظور کی تھی۔