وزیرِاعظم کا سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر عالمی بینک کا شکریہ

وزیرِاعظم کا سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت پر عالمی بینک کا شکریہ

 وزیرِاعظم شہباز شریف نے عالمی قوانین کی پاسداری، خوشحالی کے حصول اور علاقائی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، افغانستان اور پاکستان کے لیے عالمی بینک کے نائب صدر عثمان دیون سے ملاقات کے دوران، وزیرِاعظم نے مسائل کے پرامن حل کے لیے بات چیت پر زور دیا۔

انہوں نے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے جیسے اہم بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی پر پاکستان کے جائز مؤقف کی حمایت پر عالمی بینک کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِاعظم نے ملک کی ترقیاتی ترجیحات میں عالمی بینک کے اسٹریٹجک کردار کو بھی سراہا، بالخصوص توانائی، انسانی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی اور حکومتی اصلاحات کے شعبوں میں۔

انہوں نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران عالمی بینک کی بروقت اور فراخدلانہ امداد پر بھی اظہارِ تشکر کیا، جس سے ریلیف، بحالی اور تعمیرِ نو کے کاموں میں مدد ملی۔

عالمی بینک کے نائب صدر نے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور معیشت کے کلیدی شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں طویل مدتی ترقیاتی اہداف کے حصول اور پاکستان کے عوام کے لیے خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان چین کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے: صدر مملکت

 صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔چینی سفیر جیانگ ژائی دونگ سے ملاقات میں صدر نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور تجارت، معیشت، ثقافت اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر نے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستانی عوام اپنے اس فولادی دوست کی مسلسل حمایت کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کے کردار کو سراہا اور چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --