اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں بہنے والی گاڑی کا بونٹ اور دروازہ مل گیا جبکہ لاپتہ باپ اور بیٹی کی تلاش تیسرے روز بھی جاری ہے۔وفاقی دارالحکومت میں شدید بارش کے باعث پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل قاضی اپنی بیٹی کے ہمراہ گھر سے نکلے کہ ان کی گاڑی خراب ہو گئی اور اسی دوران پانی کا ریلا آ گیا جس میں دونوں باپ بیٹی گاڑی سمیت پانی میں بہہ گئے۔
گزشتہ دو روز سے گاڑی سمیت لاپتہ ہونے والے باپ اور بیٹی کی تلاش کا کام جاری ہے اور گزشتہ روز نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے برساتی نالے میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا گیا تھا جس کے بعد اب دریائے سواں کے داخلی و خارجی راستوں پر سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو ٹیموں کو گزشتہ روز گاڑی کا بمپر اور سائیڈ مرر ملے تھے تاہم گاڑی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا تھا۔ریسکیو حکام کی جانب سے امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بارش رکنے کے بعد پانی کی سطح کم ہونے کے باعث آج دریائے سواں میں سرچ آپریشن مکمل کر لیا جائے گا۔اب ریسکیو ٹیموں کو متاثرہ گاڑی کا بونٹ اور دروازہ دریائے سواں پل کے نیچے سے مل گیا ہے جبکہ باپ اور بیٹی کی تلاش کا کام جاری ہے۔