نائب وزیراعظم کا  تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور

نائب وزیراعظم کا  تنازعات کے پرامن حل کی ضرورت پر زور

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی امن و سلامتی کے حصول کے لیے تنازعات کے پرامن حل، کثیرالجہتی، جامع مذاکرات اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کی ضرورت پر زور دیا ہے۔نیویارک میں پاکستانی مشن کی جانب سے منعقدہ ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کو بڑھتے ہوئے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے محاذ آرائی اور طاقت کے بجائے سفارت کاری کا انتخاب کرنا چاہیے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان ان مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امن اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی موسمیاتی اور ترقیاتی گفتگو میں ایک سرکردہ آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس تنظیم کو مضبوط، زیادہ موثر اور عمومی رکنیت کے مفادات اور ترجیحات کے مطابق جوابدہ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی اصلاحات کی حمایت کی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے 2026-28 کی مدت کے لیے انسانی حقوق کونسل کے انتخابات کے لیے اپنا امیدوار بھی پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک گروپ نے ہماری امیدواری کی توثیق کی ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کثیرالجہتی کو نعرے کے طور پر نہیں بلکہ ضرورت کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو نہ صرف رد عمل کے ایوان بلکہ روک تھام، مسائل کے حل اور اصولی قیادت کے فورم کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں بالخصوص او آئی سی کے درمیان زیادہ تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --