پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔سیریز کے بقیہ دو میچز 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں اتوار کو شیربنگلہ سٹیڈیم ڈھاکہ میں تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں مدمقابل ہونگی۔ سیریز کے بقیہ دونوں میچ بھی اسی سٹیڈیم میں 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے ۔ تینوں میچز بنگلہ دیش کے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہونگے۔
پاکستان ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کررہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ "ہم نے کھیلنے کا انداز بدل دیا ہے لیکن کنڈیشنز کو جاننا اہم ہوگا۔ اگر حالات ہمیں جارحانہ انداز میں کھیلنے کی اجازت دیتے ہیں تو ہم یقینی طور پر اس طریقے سے کھیلیں گے اور دوسری صورت میں ہم کنڈیشنز کے مطابق چلیں گے۔
"اپنی ٹریننگ میں ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے کہ ہم میچ کی طرح کے حالات کا تجربہ کریں تاکہ میچ سچویشن کے لیے اچھے سے تیار ہوسکیں۔
بنگلہ دیش خاص طور پر اپنی کنڈیشنز میں ایک سخت اپوزیشن ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ہم پر کیا چیلنج آنے والے ہیں اور ہم یہاں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔”
پاکستان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان۔ صائم ایوب۔ صاحبزادہ فرحان۔ محمد حارث ( وکٹ کیپر )۔حسن نواز۔ حسین طلعت۔ خوشدل شاہ۔ محمد نواز۔ عباس آفریدی۔ فہیم اشرف۔ سفیان مقیم ۔ ابرار احمد۔ احمد دانیال اور سلمان مرزا شامل ہیں۔
احمد دانیال اور سلمان مرزا کا پہلی بار پاکستان ٹیم میں سلیکشن ہوا ہے۔
پاکستان ٹیم کی سلمان آغا کی قیادت میں یہ چوتھی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے۔ اس سے قبل وہ زمبابوے کو دو ایک سے اور بنگلہ دیش کو تین صفر سے شکست دے چکی ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف اسے چار ایک سے شکست ہوئی تھی۔
یہ مائیک ہیسن کی پاکستان ٹیم کے وائٹ بال کوچ کی حیثیت سے دوسری سیریز ہے ۔
پاکستان ٹیم نے بنگلہ دیش پہنچنے سے قبل نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں لگائے گئے کیمپ میں سخت ٹریننگ کی تھی ۔ ڈھاکہ میں بھی اس نے ٹریننگ سیشن کیا ہے ۔
بنگلہ دیش ٹیم لٹن داس کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کا پلہ بھاری رہا ہے اس نے کھیلے گئے 22 میں سے 19 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان ٹیم کا بنگلہ دیش میں ریکارڈ شاندار رہا ہے اور اس نے بنگلہ دیش میں کھیلی گئی دو طرفہ سیریز کے تمام پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز جیتے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز مئی جون میں پاکستان میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے تین صفر سے کلین سوئپ کیا تھا۔
بنگلہ دیش نے حال ہی میں سری لنکا میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز دو ایک سے جیتی ہے۔