صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی نقل و حرکت کے لیے الیکٹرک وہیکل کو اپنانے کو فروغ دے رہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ نے جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں منقعدہ کمرشل گاڑیوں خاص طور پر بسوں کے لیے جدید DMT اور YEA ٹیکنالوجی کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ تیزی سے ای وی پر منتقل ہو رہی ہے جس سے پائیدار نقل و حمل کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ہو رہا ہے۔ لاہور میں ڈی ایم ٹی اور وائے ای اے ٹیکنالوجی سے آراستہ ایک شاندار لانچنگ تقریب میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ چین کے نائب قونصل جنرل سمیت حکومتی عہدیداران، ٹرانسپورٹ انڈسٹری کے ماہرین اور پرائیویٹ آپریٹرز اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران واہ انڈسٹری اور یوٹونگ کے درمیان 400 جدید الیکٹرک بسوں کی فراہمی کا معاہدہ بھی طے پایا جو پاکستان کے پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ اس تقریب میں عالمی شہرت یافتہ کمرشل گاڑی ساز کمپنی یوٹونگ نے واہ انڈسٹری کے تعاون سے پاکستان میں پہلی ای وی بسیں متعارف کروائی ہیں۔
صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی کامیابی کے بعد حکومت پہلی الیکٹرک ٹیکسی سروس کا منصوبہ بھی شروع کرنے جا رہی ہے جس کے پہلے مرحلے میں 1100 الیکٹرک گاڑیاں بلاسود قرض اور آسان اقساط پر فراہم کی جائیں گی۔ جبکہ حکومت پنجاب ای وی کی منتقلی کو سپورٹ کرنے کے لیے صوبے بھر میں چارجنگ اسٹیشن کا نظام قائم کرنے کیلئے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ ایک اچھی ای وی پالیسی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا یہ پالیسی عوامی مفاد کو ترجیح دے کر بنائی جا رہی ہے تاکہ لوگوں کو پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کو چھوڑ کر الیکٹرک گاڑیوں کی طرف منتقل ہونے کی ترغیب دی جائے سکے۔ ای وی کو بڑے پیمانے پر اپنانے سے نہ صرف ایندھن کی بچت ہو گی بلکہ یہ صوبے میں سموگ سے نمٹنے اور فضائی آلودگی کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
یوٹونگ کے مڈل ایسٹ کے سی ای او رابن شین نے پاکستان کے لیے کمپنی کے عزم کو اجاگر کیا، جبکہ یوٹونگ پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر پال زانگ نے ڈی ایم ٹی اور وائے ای اے ٹیکنالوجیز کی خصوصیات اور ماحولیاتی فوائد پر روشنی ڈالی۔یوٹونگ اس وقت پاکستان میں پریمیئم انٹرسٹی بس مارکیٹ کا 70 فیصد حصہ رکھتی ہے اور الیکٹرک و ہائبرڈ بسوں میں بڑی حیثیت رکھتی ہے۔ یوٹونگ کی جانب سے گرین کمیٹمنٹ ٹری کا منفرد سیٹ اپ بھی لگایا گیا، جہاں شرکاء نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے عزم کے اظہار کے لیے علامتی پتے سائن کیے۔