برطانیہ نے پاکستانی طلبہ اور پروفیشنلز کیلئے ای ویزا سہولت کا آغاز کردیا۔برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق 15جولائی سے طلبہ اورپروفیشنل ویزا ہولڈرز کوپاسپورٹ پر اسٹیکرویزا کی ضرورت نہیں ہوگی اور فزیکل ویزے کی جگہ اب ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس یعنی ای ویزا دیا جائے گا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے بتایاکہ ای ویزا برطانیہ میں قیام کی اجازت اور شرائط کا آن لائن ریکارڈ ہوگا، امیگریشن اسٹیٹس UKVI اکاؤنٹ میں لاگ ان ہوکر دیکھا جاسکے گا۔برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق ای ویزا بارڈراینڈ امیگریشن سسٹم کو آسان، محفوظ اور ڈیجیٹل بنائے گا، لاکھوں افراد پہلے ہی ای ویزا سسٹم کامیابی سے استعمال کرچکے ہیں، نئی سہولت سے وقت بچے گا اور پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔
برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ کا کہنا ہے کہ ای ویزا امیگریشن اسٹیٹس یا قیام کی شرائط پر اثرانداز نہیں ہوگا، ای ویزا طلبہ، گلوبل ٹیلنٹ، اسپورٹس پرسنز اور اسکلڈ ورکرز کے لیے متعارف کرایا ہے، عارضی کام، بزنس موبیلٹی اوریوتھ اسکیم کے ویزوں پر بھی ای ویزا لاگو ہوگا۔ہائی کمیشن کے مطابق ای ویزا رکھنے والے افراد اپنا پاسپورٹ UKVI اکاؤنٹ سے منسلک کر سکتے ہیں۔