انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کو دلچسپ مقابلے میں 22 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔انگلینڈ کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ لارڈز میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے میچ میں نتیجہ آخری روز آخری سیشن میں نکلا جب انگلینڈ کے اسپنر شعیب بشیر نے محمد سراج کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کو 22 رنز سے میچ جتوایا۔سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ نے جوروٹ کی شاندار سینچری کی بدولت 387 رنز بنائے جس میں بریڈن کرس اور جیمی اسمتھ نے نصف سینچریاں اسکور کیں۔
جواب میں بھارت نے پہلی اننگز میں کے ایل راہل کی سینچری ، رشبھ پانت اور جڈیجا کی نصف سینچریوں کی بدولت 387 رنز ہی بنائے۔دوسری اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم 192 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور بھارت کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دیا۔تاہم، بھارتی ٹیم 170 رنز ہی بناسکی اور میچ 22 رنز سے ہار گئی، بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں روینڈرا جڈیجا 61 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، کے ایل راہل نے 39 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے آخری اننگز میں جوفرا آرچر اور بین اسٹوکس نے 3,3 جب کہ بریڈن کرس نے 2، شعیب بشیر اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔