صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات جمہوریہ چیک کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر شہریار اکبر خان سے آج اسلام آباد میں ملاقات میں کہی۔صدر نے کہا کہ جمہوریہ چیک یورپ میں پاکستان کا ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان پارلیمانی اور ثقافتی وفود کے تبادلے بڑھانے پر بھی زور دیا۔ادھر یوکرین کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر ریٹائرڈ میجر جنرل کنور عدنان احمد خان نے بھی صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان یوکرین کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کومزید فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔صدر نے نامزد سفیر کو پاکستان اور یوکرین کے درمیان معاشی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔صدر نے شہریاراکبر خان اور ریٹائرڈ میجر جنرل کنور عدنان احمد خان کو اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
