پاکستان اور ترکیہ نے اپنے اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کا پختہ عزم ظاہر کیا ہے۔اس عزم کا اظہار نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان اوروزیر دفاع یاسر گلر کے ساتھ آج دفتر خارجہ اسلام آباد میںملاقات کے دوران کیا گیا۔بعدمیں ترک وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان گزشتہ چند برسوں میں ترکیہ کی جانب سے اپنی دفاعی صنعت کوبیس سے اسی فیصد تک خود کفیل بنانے کو سراہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس شعبے میں ترکیہ کی مہارت اور تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہشمند ہے۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے تعاون کو مزید مضبوط کریں گے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ سلامتی، دفاع اور انٹیلی جنس کی نئی قائم کردہ مشترکہ کمیٹی کا اجلاس رواں ماہ کی چوبیس تاریخ کو اسلام آباد میں ہوگا جبکہ دفاعی صنعت سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ستمبر میں طے ہے۔تجارت اور سرمایہ کاری کے بارے میں کمیٹی کا اجلاس گزشتہ ماہ ہوا جبکہ ٹرانسپورٹ اور مواصلات سے متعلق کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے۔
