وزیر اعلیٰ پنجاب نواز شریف فلائی اوور، جی پی او اور ٹیم ایم چوک کا افتتاح کردیا

وزیر اعلیٰ پنجاب نواز شریف فلائی اوور، جی پی او اور ٹیم ایم چوک کا افتتاح کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پاس کا افتتاح کردیا اور کہا کہ 30،30 سال سے نہ بننے والی سڑکیں اب ریکارڈ مدت میں بن چکی ہیں، انہوں ںے پنجاب بھر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبے شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف راولپنڈی پہنچیں اور اڈیالہ روڈ پر نواز شریف فلائی اوور اور مال روڈ راولپنڈی پر جی پی او وی ٹی ایم چوک انڈر پاس کا افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعلیٰ نے  پنجاب میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹ شروع کرنے سمیت جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں پینے کے صاف پانی کے پراجیکٹس جلد لانے کے اعلانات کیے۔ وزیراعلی پنجاب نے پینے کے صاف پانی کے لئے پائپ لائنیں بچھانے کے پراجیکٹ تیار سمیت مری میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ جلد از جلد حل کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

اسی طرح راولپنڈی کے نالہ لئی کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کی تیاری کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ کو ریکارڈ ٹائم مکمل کریں گے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنڈی کے تمام اسکولوں کی ری ویمپنگ کی جارہی ہے، جو جلد مکمل کرلی جائے گی، راولپنڈی شہر کی بیوٹی فکیشن کے پراجیکٹس خود مانیٹرنگ کررہی ہوں۔

وزیراعلی کا کہنا تھا کہ مری سے باڑیاں پہنچنے پر پنجاب کی حدود ختم ہوتی ہے، تو صفائی اور انفرا اسٹرکچر کا واضح فرق نظر آتا ہے، ستھرا پنجاب پراجیکٹ کے تحت صوبے بھر میں صفائی کا اچھا کام ہورہا ہے۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف فلائی اوور کی تعمیر سے پنڈی سے چکری کے سفر کا دورانیہ ایک گھنٹہ کم ہوگیا ہے راولپنڈی میں روڈز کی تعمیر وبحالی کے بیشتر پراجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 12 ہزار لو میٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی مثال قائم کی ہے، چند ہفتوں میں پنجاب بھر میں 19 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی کے پراجیکٹ مکمل ہوجائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ریکارڈ مدت میں سڑکیں بن رہی ہیں ایسے لگتا ہے کہ جیسے جنات کام کررہے ہیں، تیس تیس سال سے نہ بننے والی سڑکیں بن چکی ہیں، پنجاب بھر میں 1250 سے زائد مراکز صحت ری ویمپ کرکے منی اسپتال میں بدل دیا، ریکارڈ ٹائم میں اسپتالوں کی حالت بدل چکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پاس کی ریکارڈ ٹائم میں تکمیل پر تعمیرات و مواصلات کی اسٹار ٹیم، صوبائی وزیر  صہیب بھرت اور سیکرٹری سہیل اشرف کو شاباش دی اور کہا کہ دو لاکھ گاڑیاں روزانہ گزرنے کا یہ منصوبہ اسٹیٹ آف دی آرٹ بنایا گیا ہے، جی پی او انڈر پاس پراجیکٹ کو ہر طرح سے فلڈ سیف بنانے پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے پراجیکٹس کی تکمیل میں تعاون پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کا بھی شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ کی ہدایت پر دونوں میگا پراجیکٹس اعلیٰ تعمیرات کے معیار کے ساتھ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوئے ہیں۔ ان پر 8 ارب 77 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

قبل ازیں مریم نواز نے اڈیالہ روڈ  نواز شریف فلائی اوور اور مال روڈ جی پی او چوک کے انڈر پاس کا باقاعدہ آغاز کیا تو عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو ملک صہیب بھرت اور سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف نے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔

انہیں بتایا گیا کہ راولپنڈی میں 607 کلومیٹر طویل 67 روڈز  کے پراجیکٹس ہیں ان میں سے 51 روڈز پراجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچ چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ نواز شریف فلائی اوور اور جی پی او انڈر پاس سے تقریبا 3 لاکھ گاڑیاں گزریں گی، اڈیالہ روڈ پر کچہری چوک سے شروع ہونے والے نواز شریف فلائی اوور سے جی ٹی روڈ رنگ روڈ اور چکری انٹر چینج موٹروے سے گزرنے ٹریفک مستفید ہوگی۔

عوام کو نواز شریف انٹر چینج پر سفر کرنے سے ایک گھنٹے سے زائد وقت اور پٹرول کی بچت ہوگی۔ نواز شریف فلائی اوور سے گورکھ پور، اڈیالہ، خالصہ خورد، خالصہ کلاں، ڈھلاں، جرار کیمپ، ڈھوک اعوان، سنگرال اور دیگر آبادیوں کا ٹریفک مستفید ہوگا۔

نوازشریف فلائی اوور کے اطراف دو کلومیٹر تک سروس روڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔  راولپنڈی  مال روڈ پر جی پی او چوک، ٹی ایم چوک سگنل فری کوریڈور  سے روزانہ دو لاکھ سے زائد گاڑیاں گزریں گی۔

اے ایف آئی سی کے پاس عوام کی سہولت کے لئے پیدل گزرنے والوں کے لئے انڈرپاس منصوبے میں شامل ہیں۔ جی پی او انڈر پاس پراجیکٹ میں پہلی بار جدید ترین انٹیلی جنٹ سگنل سسٹم شامل ہے۔

مال روڈ پر بننے والے تقریباً دو کلومیٹر طویل انڈر پاس سے کشمیر روڈ کے ذریعے نیشنل ہائی وے این فائی تک رسائی آسان ہوگی۔ جی پی او چوک انڈر پاس سے روزانہ سی ایم ایچ، ایم ایچ اور اے ایف آئی سی آنے والے مریضوں کو بھی سہولت ہوگی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ جی پی اوچوک انڈر پاس سے صدر بازار،یلوے سٹیشن اور دیگر علاقوں کے گزرنے ٹریفک کو بھی آسانی ہوگی۔

-- مزید آگے پہنچایے --