وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے لاہور میں ماحول دوست بسوں سے متعلق مانیٹرنگ رپورٹ طلب کر لی، ڈی جی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کرن خورشید کو تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن یونٹ نے اس سلسلے میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سے ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ لاہور میں 12 میٹر اور 9 میٹر کی ماحولیاتی بسیں شامل کرنے کے منصوبے سے متعلق تحقیات کی جائیں گی۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو بس منصوبے کی مکمل دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی جی کرن خورشید نے پی سی ون، پی سی تھری، فارم بی کی اصل اور نظرثانی شدہ نقول طلب کر لی ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کے اجلاس کی کارروائی کی نقول بھی مانگی گئی ہیں۔
بس منصوبے کے لیے فنڈز کے استعمال کی تفصیلات ، ایڈمنسٹریٹو اپروول کی اصل نقول بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پروکیورمنٹ کی تفصیلات اور معاہدے کے کاغذات بھی لازمی جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔فنڈز کے اجراء اور استعمال میں فرق کی تفصیل اور سپورٹ یا سپانسر اسسمنٹ رپورٹس جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ بس آپریشن اور مینٹیننس ایگریمنٹ بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈی جی ایم اینڈ ای نے متعلقہ محکموں کو جلد از جلد معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔