سی ٹی ڈی اور پنجاب پولیس نے تونسہ اور بہاولپور میں مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے۔تونسہ شریف کے قریب پنجاب پولیس نے سی ٹی ڈی کے ساتھ مل کر امن دشمنوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا، جس میں تھانہ وہوا کی حدود جادے والی میں فتنہ الہندوستان کے 5 خارجی دہشتگرد جہنم واصل کردیے گئے۔
تونسہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کلین اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے، اس مشترکہ آپریشن میں 8 دہشت گرد شدید زخمی بھی ہوئے، ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سید علی کارروائی کے بعد موقع پر پہنچ گئے۔
ادھر بہاولپور میں بھی سی ٹی ڈی پنجاب اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کی جس میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والا دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہو گئے۔ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نےبروقت کارروائی کر کے بڑا سانحہ ناکام بنا دیا، ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے بڑی تعداد میں گولیاں اور دستی بم برآمد ہوئے، مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے تونسہ کے قریب فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر پنجاب پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ نے پولیس اور سی ٹی ڈی ٹیموں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ بہادر سپوتوں نے پہلے بھی دلیری کے ساتھ خوارجی دہشت گردوں کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا تعاقب جاری رہے گا، دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے۔کامیاب آپریشن پر آئی جی پنجاب پولیس نے ٹیم کو مبارک باد دی۔