کشمیر میں کرفیو: مودی نے کربلا کی یاد کو جرم بنادیا، مشعال ملک

کشمیر میں کرفیو: مودی نے کربلا کی یاد کو جرم بنادیا، مشعال ملک

کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اور انسانی حقوق کی علمبردار مشعال ملک نے بھارتی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی کو نشانہ بنانا اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں پر کرفیو لگا کر، نوجوانوں کو جیلوں میں قید کر کے اور عزاداری کو جرم بنا کر مودی حکومت نے کربلا کی یاد کو دبانے کی کوشش کی ہے۔

مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر میں عزاداری کی صدا بلند کرنا مودی کے بھارت میں جرم بن چکا ہے، محرم الحرام کے مقدس مہینے میں عزاداری کے جلوسوں کو روک کر مودی حکومت نے انسانیت کا قتل کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہب کو آزادی کے ساتھ ادا کرنا بنیادی انسانی حق ہے لیکن مودی سرکار نے مقبوضہ وادی میں اس حق کو بھی سلب کر لیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ مودی کا مذہبی جبر اب کسی سے ڈھکا چھپا نہیں رہا، عاشورہ جیسے پرامن اور روحانی دن پر سخت سکیورٹی اقدامات اور کرفیو اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

مشعال ملک نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مذہبی آزادی پر لگائی جانے والی پابندیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلوانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

-- مزید آگے پہنچایے --