انیس سو ننانوے میں کارگل جنگ میں کیپٹن کرنل شیر خان شہیدنے مادروطن کا بے مثال بہادری کے ساتھ دفاع کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔آرمی چیف فیلڈمارشل سیدعاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان اور پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن کرنل شیرخان شہید کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی بے لوث جذبے اور فرض شناسی کی اعلیٰ مثال ہے جو پاکستان کی مسلح افواج کی پہچان ہے۔ان کی میراث پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ رہے گی اور آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہو گی۔بیان میں مسلح افواج کے اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ وہ تمام خطرات کے خلاف وطن کا بھرپور دفاع کریں گی۔
صدر آصف علی زرداری نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو ان کی 26ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہید کی قربانی ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا کی قربانیاں ہماری آزادی، خود مختاری اور سلامتی کی ضامن ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو ان کی 26ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرنال شیر خان نے کارگل کے محاذ پر بے مثال بہادری، جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان نے وطن سے وفاداری، احساس فرض اور دفاع وطن میں بے خوف قربانی کی ایسی مثال قائم کی جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ کرنل شیر خان اور ان کا خاندان پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی حفاظت میں پاک فوج کے جوانوں کے غیر متزلزل عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اس قوم کے دفاع کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔