وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی موجودگی میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور آذربائیجان کے وزیرِ معیشت میکائل جباروف نے آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے اقتصادی شعبے میں مجموعی طور پر دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے (Agreement) پر دستخط کر دیئے. اس موقع پر پاکستانی وفد بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھا۔وزیرِ اعظم اور آذری صدر کی خانکندی میں خوشگوار ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے مابین معاہدے پر دستخط ہوئے جبکہ حتمی و مفصل معاہدے پر آذری صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دستخط کئے جائیں گے۔معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات تاریخی سطح پر پہنچ گئے اور یہ معاہدہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے مزید فروغ اور تجارتی شراکت داری کی مزید مضبوطی کی ضمانت ثابت ہوگا۔وزیرِ اعظم کے حالیہ دورے سے قبل نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ ، پاکستانی سفارتی مشن اور وفود کی سطح ہر اس معاہدے کے پہلو طے ہوئے جبکہ دونوں ممالک کے مابین پاکستان آذربائیجان کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے مزید تبادلہ پر بھی اتفاق ہوا۔
