وزیر داخلہ محسن نقوی نے محرم الحرام کے مقدس مہینے کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے علمائے کرام کے کلیدی کردار پر زور دیا ہے۔انہوں نے آج (جمعرات) اسلام آباد میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے ملاقات میں کہا کہ امن و امان کے قیام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور علمائے کرام کی کوششیں یکساں اہمیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے مذہبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رواں سال چودہ اگست کو تمام مکاتب فکر کے علماء کو فیصل مسجد میں نماز ظہر کیلئے دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے قومی یکجہتی کا پیغام ملے گا۔امور داخلہ کے وزیر مملکت طلال چودھری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنے اور دہشت گرد عناصر کو شکست دینے کے لئے باہمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ ملک کی سلامتی کیلئے ہم سب متحد ہیں۔