دخترِ مشرق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ پر شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد

دخترِ مشرق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ پر شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام پروقار تقریب کا انعقاد

شہید جمہوریت، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر شہید بھٹو فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ذالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (زیبسٹ) کے آڈیٹوریم میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
جبکہ تقریب کےآخر میں کیک کاٹا گیا ۔تقریب میں شہید بی بی کی جمہوریت، خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت، دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور عوامی شعور بیداری کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

تقریب میںڈپٹی سیکرٹری مالیات پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر ڈاکٹر سردار عمر عزیز خان و دیگر نے شرکت کی ،مقررین نے شہید جمہوریت کی بصیرت افروز قیادت، جراتمندانہ جدوجہد، اور وژن پر روشنی ڈالی۔سابق گورنر خیبرپختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے شہید محترمہ کی مذہبی، قومی، اور عالمی بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ "وہ وقت کی پابند، باعمل مسلمان اور ایک مدبر رہنما تھیں جنہوں نے نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی قیادت کا لوہا منوایا۔سی ای او شہید بھٹو فاؤنڈیشن آصف خان نے کہا کہ ہیومن رائٹس، رواداری اور جمہوریت شہید جمہوریت کے اصول تھے۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت کی علمبردار اور ایک باوقار رہنما تھی جنہوں نے اپنی جرات، بصیرت اور عزم کے ساتھ نسلوں کو متاثر کیا اور ملک کو امن، ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کیا ان کی قیادت میں تعلیم، صحت اور خواتین کو بااختیار بنانے جیسے اہم شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی۔شہید بینظیر بھٹو نے 1989ء میں میزائل ٹیکنالوجی بورڈ کے ذریعہ پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی کو فروغ دیکر پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنایا اور 1995ء میں چین کی مدد سے اس میں مزید اضافہ کیا گیا۔صدر زیسبٹ پی ایس ایف جمشید علی طیفور نے کہا کہ شہید بی بی خواتین کے حقوق اور جمہوریت کی علمبردار تھیں۔ عظمیٰ اقبال (پیپلز پارٹی اسلام آباد) نے کہا کہ "ہم بی بی کو محسوس کرتے ہیں، ان کی موجودگی آج بھی ہمارے عزم میں جھلکتی ہے۔”پیپلز پارٹی اسلام آباد سٹی کی صدر آصفہ مرتضیٰ نے کہا کہ "بھٹو اور بی بی نے عوام کو زبان دی، بی بی کی صورت میں بلاول کو قوم کے سپرد کیا، انشاء اللہ وہ پاکستان کے وزیر اعظم ہوں گے۔” انہوں نے صدر آصف علی زرداری کی صحت و سلامتی کی بھی دعا کی۔پی پی رہنما ذوالقرنین اصغر نے کہا کہ "بی بی نے ملک کو موبائل اور میزائل ٹیکنالوجی دی،

انہوں نے مفاہمت اور مزاحمت کی سیاست کو متوازن رکھا، پارٹی کو دسپلن دیا۔طیب محمود چھٹہ، صدر سپورٹس ونگ (سنٹرل پنجاب) نے شہید بی بی کے وژن اور کارکنوں سے محبت کو خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان پیپلزپارٹی اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری اظہر خان نے کہا کہ جالیہ پاک بھارت معرکے میں کامیابی میں پاکستان پیپلز پارٹی کا اہم کردار ہے کیونکہ پاکستان کی ایٹمی قوت سے لیکر میزائل ٹیکنالوجی کے حصول تک پیپلز پارٹی کی قیادت کی کوششیں شامل ہیں، جن کو جھٹلایا نہیں جا سکتا،اس فتح پر پاکستان کی مسلح افواج، فیلڈ مارشل سمیت پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے جب پاکستان میں ایٹم بم بنانے کی بنیاد رکھی تو اس وقت ملک کی معاشی و سیاسی حالت بہت بری تھی تاہم انہوں نے کہا کہ گھاس پھونس کھا لینگے مگر اٹیم بم ضرور بنائیں گے

اسی طرح بی بی شہید نے میزائل ٹیکنالوجی حاصل کی جس کو آج دنیا مانتی ہے،بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کے وارث ہونے کا حق ادا کر دیا ہے،انکی کامیاب سفارتکاری کے باعث پوری دنیا نے پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے جبکہ بھارتی بیانئے کو مسترد کر دیا ہے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا مشن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جاری رہے گا، اور پیپلز پارٹی ان کے نظریات پر عمل پیرا رہ کر ایک ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --