ڈیرہ اسماعیل خان پولیس پر حملہ ناکام، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان پولیس پر حملہ ناکام، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور دو کو زخمی کر دیا۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے ہتھالہ تھانے کی حدود میں پولیس پارٹی کو اس وقت نشانہ بنانے کی کوشش کی، جب وہ ٹکوارہ علاقے سے ڈیوٹی انجام دے کر واپس آ رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، جبکہ پولیس کی کارروائی میں کالعدم ٹی ٹی پی، گنڈاپور گروپ کا ایک سرگرم دہشت گرد ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔اعلامیے کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سجاد احمد صاحبزادہ نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) صدر اور ڈیرہ اسمعٰیل خان پولیس کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کی قیادت کی۔

خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) ذوالفقار حمید نے دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے پر ڈیرہ پولیس کو مبارکباد دی اور کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے افسران و اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک بالخصوص خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردوں کا ہر جگہ پیچھا کر کے ان کا خاتمہ کیا جائے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --