وزیراعظم شہبازشریف نے دنیا بھر میں پناہ گزینوں کے بحران کی روک تھام کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل پر زور دیا ہے۔پناہ گزینوں کے آج عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پرامن طریقوں سے تنازعات کی بنیادی وجوہات حل کرنے سے ہی ہم پناہ گزینی کے رجحان کو تبدیل کرنے کی امید کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قلیل بین الاقوامی حمایت کے باوجودچار دہائیوں سے زائد عرصے تک لاکھوں افغان بھائیوں کی میزبانی کی ہے۔
