کراچی بار ایسوسی ایشن انتخابات، حسینہ تبسم شیخ نے اپنا منشور جاری کردیا

کراچی بار ایسوسی ایشن انتخابات، حسینہ تبسم شیخ نے اپنا منشور جاری کردیا

کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 2026 کے لیے امیدوار برائے سیکرٹری جنرل حسینہ تبسم شیخ  نے اپنا تفصیلی منشور جاری کر دیا ہے جس میں وکلاء کی فلاح، تحفظ، اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے متعدد اہم اقدامات کا وعدہ کیا گیا ہے۔

منشور کے مطابق وکلاء کے عزت و وقار میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ان کے پیشہ ورانہ مقام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ ینگ لائرز (نوجوان وکلاء) کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں مناسب وظیفے کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی تاکہ وہ مالی دباؤ سے آزاد ہو کر اپنے پیشے پر مکمل توجہ دے سکیں۔

ریٹینر شپ کی تقسیم کا نظام شفاف اور منصفانہ بنایا جائے گا تاکہ تمام وکلاء کو اس کا فائدہ حاصل ہو۔ بینی ویلنٹ فنڈ کی رقم میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ بیماری یا وفات کی صورت میں وکلاء اور ان کے اہلِ خانہ کو مالی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

منشور میں کراچی بار کی ڈسپنسری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ادویات کی فراہمی کو سہل بنانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ وکلاء کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کی مد میں لیبارٹریز سے زیادہ سے زیادہ ڈسکاؤنٹس حاصل کرنے کی کوششیں بھی منشور کا حصہ ہیں۔

تمام وکلاء کو رجسٹرڈ کرانے اور سینئر وکلاء کے لیے پنشن کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ جعلی وکلاء اور ٹاؤٹس کے خاتمے کے لیے خصوصی مہم شروع کرنے کا وعدہ بھی منشور میں شامل ہے۔

سٹی کورٹ میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر بنانے، خواتین وکلاء کے لیے خصوصی سیکیورٹی اقدامات کرنے، صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے اور کیفے ٹیریاز و کینٹینز کی حالت بہتر کرنے جیسے نکات بھی منشور میں شامل کیے گئے ہیں۔

آخر میں، سٹی کورٹ کے اطراف میں ٹریفک اور پارکنگ کے نظام کو درست کرنے کے لیے بھی جامع حکمت عملی اپنانے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --