سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص پارلیمانی سفارت کاری، تعلیم، تجارت اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے بدھ کو اسلام آباد میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق نے سفیر فازیکاس کے اپنے دور میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں مثبت کردار کو سراہا۔سفیر نے اپنے دور میں رکھی گئی بنیادوں کو استوار کرنے میں ہنگری کی دلچسپی کا اعادہ کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ہنگری کے درمیان دوطرفہ تعلقات آنے والے سالوں میں مزید بڑھتے رہیں گے۔