پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر صدر ٹرمپ سے ملاقات پاک امریکا تعلقات میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔اپنی ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ آج فیلڈ مارشل عاصم منیر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ظہرانے پر ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی یہ ملاقات جنگ بندی کی امریکی کوششوں کے تناظر میں پاک امریکا تعلقات میں ایک مثبت پیشرفت ہے۔
بلاول کا کہنا تھاکہ پانچ روزہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف فیصلہ کن کامیابی حاصل کی اور بھارت نے بدقسمتی سے امن کوششوں، امریکی سفارت کاری کومسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ تو تصادم چاہتا ہے اور نہ ہی بھارت سے مکالمے کیلئے بے چین ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ امن دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، ہمارے تنازعات کا کوئی عسکری حل نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ بھارت کی آبی جارحیت، مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر اور دہشتگردی کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ایسے مؤقف ہیں جو زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکتے، پاکستان اور بھارت کے تنازع کا مستقبل انکار یا ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ سچ پر مبنی سفارتکاری ہے۔خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی کابینہ سے آج ملاقات ہوگی۔ملاقات پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب ہوگی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔