وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام شراکت داروں پر زور دیا ہے کہ وہ زمینوں کی بحالی اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار موسمیاتی مستقبل کے لیے ہاتھ بٹائیں۔آج صحرا بردگی اور خشک سالی سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ زمین پاکستان کے غذائی تحفظ، پانی کی دستیابی، حیاتیاتی تنوع کی حفاظت اور دیہی معیشت کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے کے لیے بھارت کی یکطرفہ کارروائی پاکستان کے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پانی پر اپنے حق کا دفاع کرے گا، جیسا کہمعاہدے کے تحت فراہم کیا گیا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پانی ذخیرہ کرنے کی اپنی صلاحیت کو بڑھانے کی کوششوں کو تیز کرے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے پائیدار زمینی انتظام اور ماحولیاتی نظام کی بحالی کو بھی اپنے آب و ہوا کی لچک کے ایجنڈے کے اہم ستونوں کے طور پر ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام کے تحت دو ارب بیس کروڑ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔