وزیراعظم کی 2028 تک ریکوڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی 2028 تک ریکوڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مستقبل کی نقل و حمل اور مال بردار خدمات کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ریکوڈک کو 2028 تک ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایات منگل کو اسلام آباد میں پاکستان ریلوے کی اپ گریڈیشن اور ریکوڈک کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کی اپ گریڈیشن اور ترقی سے متعلق فنانسنگ کے معاملات کو دیکھنے کے لیے ایک بین وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

کمیٹی پاکستان ریلوے کی ترقی اور ریکوڈک تک اس کی توسیع کے لیے درکار فنانسنگ کے حوالے سے ٹھوس تجاویز پیش کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے ملکی معیشت اور مواصلات کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے ٹرانسپورٹ کا ایک سستا، تیز رفتار اور ماحول دوست ذریعہ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ریلوے کو ریکوڈک سے منسلک کرنے سے بلوچستان کا مائنز اینڈ منرل سیکٹر ترقی کرے گا اور علاقے کے لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم کو ML-1 اور ML-3 ریلوے کی اپ گریڈیشن اور مستقبل کی نقل و حمل اور مال بردار خدمات کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان ریلوے کی مجموعی ترقی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

-- مزید آگے پہنچایے --