پاکستان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیل کی غیرقانونی اور بلا جواز جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج کے حملے نہ صرف اسلامی جمہوریہ ایران کی خود مختاری اور علاقائی سا لمیت بلکہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلا ف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوا م متحدہ کے منشور کے آرٹیکل51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایران کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ ان اشتعال انگیزیوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے جو نہ صر ف پورے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کےلئے شدید خطرے کا باعث ہیں بلکہ دنیا کے دوسرے ملکوں پر بھی اس کے سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔شفقت علی خان نے کہا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری یقینی بنائیں۔ اس جارحیت کو فوری طور پر رکوائیں اور جارحیت کرنے والے ملک کا اس کے اقدامات پر محاسبہ کریں۔