پاکستان نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت قابل مذمت ہے، پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، یہ ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس گھناؤنے اقدام نے بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کے ضمیر کو بھی ہلا کر رکھ دیا، اس سے علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کو بری طرح نقصان پہنچاتا ہے، پاکستان ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان اسرائیلی اشتعال انگیزی کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی اشتعال انگیزی پورے خطے کی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنگ بندی کریں، بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ جارحیت کو فوری طور پر روکیں، بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیل کو اس حملے کے لیے جوابدہ ٹھہرائیں۔