پاکستان اور ترکی نے رواں سال کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان حالیہ ملاقاتوں میں کیے گئے اہم فیصلوں پر تیزی سے عملدرآمد پر اتفاق کیا ہے۔یہ مفاہمت اتوار کو وزیر اعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس سے دوطرفہ تعاون بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔گفتگو کے دوران وزیراعظم نے عید الاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر ترک صدر کے ساتھ ساتھ ترکی کے برادر عوام کو پرتپاک مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
استنبول اور لاچین میں اپنی حالیہ ملاقاتوں کو یاد کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے حالیہ پاک بھارت بحران کے دوران ترکی کی جانب سے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت پر ایک بار پھر صدر اردگان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام نے پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں اور پاکستان ترک بھائی چارے کی تاریخ میں ایک اور شاندار باب کا اضافہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے بنیادی مفادات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال سمیت تازہ ترین علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔اپنے ریمارکس میں صدر رجب طیب اردوان نے عید الاضحیٰ پر نیک خواہشات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کے لیے ان جذبات کا جواب دیا۔ انہوں نے تمام اہم ایشوز پر پاکستان کے لیے ترکی کی پرعزم حمایت کا بھی اعادہ کیا۔