بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی ادارہ محنت کی بنیادی اقدار اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ایک مشترکہ باوقار اور روشن مستقبل کی تعمیر کیلئے تمام شراکت داروں کے ساتھ مل کرکام کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے جنیوا میں بین الاقوامی لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محنت کے معیاروں پر عالمی عملدرآمد کے فروغ کے سلسلے میں بین الاقوامی ادارہ محنت کی حمایت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔
لیبر اصلاحات کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سال میری ٹائم لیبر کنونشن، لیبر کے شماریات سے متعلق کنونشن اور 2014 کے جبری مشقت کے بارے میں معاہدے کی آئی ایل او کی دستاویزات کی توثیق کرکے تاریخی سنگ میل قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا یہ توثیق جبری مشقت کے خاتمے، ملاحوں کے تحفظ اور ساڑھے سات کروڑ سے زائد افرادی قوت کیلئے لیبر گورننس سسٹم سے متعلق ہمارے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔