ملک کے مختلف شہروں میں پاک فوج کے اعلیٰ عسکری حکام نے اہم تعلیمی اداروں کے دورے کیے جہاں انہوں نے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ خصوصی نشستوں میں شرکت کی۔یہ ملاقاتیں منگلا، ملتان، لاہور، کراچی، کوئٹہ، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے کور کمانڈرز کی جانب سے کی گئیں، جن کا مقصد نوجوان نسل کو پاکستان میں امن و امان، ترقیاتی منصوبوں اور پاک فوج کے کردار سے روشناس کرانا تھا۔
کور کمانڈرز نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، علم اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی ترغیب دی اور ان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں ایک فعال اور تعمیری کردار ادا کریں، عسکری حکام نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کی ہدایت کی جبکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی تلقین کی گئی۔کور کمانڈر لاہور نے آپریشن بنیان مرصوص کو قوم کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کی علامت قرار دیا، انہوں نے لاہور کی جامعات میں طلبہ کی تیار کردہ معرکۂ حق سے متعلق پینٹنگز کا مشاہدہ کیا اور حالیہ پاک بھارت جنگ کے تناظر میں جدید علوم اور ٹیکنالوجی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
کور کمانڈر کراچی نے طلبہ کو قوم کا ضمیر اور کل کا معمار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، پاکستان اپنی سلامتی، وقار اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔کور کمانڈر کوئٹہ نے کوئٹہ کالج آف میڈیکل سائنسز اور نرسنگ انسٹیٹیوٹ میں طلبہ سے خصوصی نشست کی، انہوں نے بلوچستان کی تعمیر و ترقی اور زمینی حقائق پر مبنی گفتگو کی اور طلبہ کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیے۔کور کمانڈر گوجرانوالہ نے طلبہ کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور ذمہ دار شہری بننے کا پیغام دیا جبکہ کور کمانڈر بہاولپور نے معرکۂ حق اور قومی یکجہتی پر خصوصی گفتگو کی، انہوں نے اس معرکے کو افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عوام کی دعاؤں کا نتیجہ قرار دیا۔ان ملاقاتوں میں وائس چانسلرز، پرنسپلز، ڈینز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جنہوں نے اعلیٰ عسکری حکام سے براہِ راست سوالات کیے اور قومی امور پر تبادلہ خیال کیا۔