‘ترقی اور سلامتی – مشترکہ ذمہ داری’ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

‘ترقی اور سلامتی – مشترکہ ذمہ داری’ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

بلوچستان کے شہر کیچ میں ‘ترقی اور سلامتی – مشترکہ ذمہ داری’ کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔جس کا مقصد عوام میں یہ شعور اجاگر کرنا تھا کہ قانون کی حکمرانی کا قیام اور دہشت گردی اور جرائم کا خاتمہ نہ صرف ریاست کی ذمہ داری ہے بلکہ یہ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

سیمینار میں بلوچستان اسمبلی کے اراکین، مقامی سیاست دانوں، سول انتظامیہ، سیکورٹی اداروں کے نمائندوں، انجمن تاجران، وکلاء، ڈاکٹروں، دانشوروں، قبائلی عمائدین اور پریس کلب کے اراکین سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 200 کے قریب افراد نے شرکت کی۔

سیمینار کے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دیرپا امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے عوام کی شرکت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ ان کا قریبی رابطہ ضروری ہے۔

اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان (جنوبی) میجر جنرل بلال سرفراز خان نے کہا کہ ایف سی صوبے میں ترقیاتی اور فلاحی کاموں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے میں سب سے آگے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری سے لے کر اب تک ایف سی بلوچستان (جنوبی) نے بروقت 141 دہشت گردانہ حملوں کو ناکام بنایا ہے، جو ممکنہ طور پر بڑے سانحات کا باعث بن سکتے تھے۔

انہوں نے چند اہم اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں ایف سی بیواؤں کے لیے مکانات کی تعمیر، اسکولوں، مدارس اور بنیادی مراکز صحت کی بحالی، فری میڈیکل کیمپس اور کھیلوں کی سرگرمیوں، سولر سسٹم کا اہتمام، عوامی مسائل کے حل کے لیے جرگوں اور کھلی عدالتوں کا انعقاد، ایف سی خدمت مرکز کا قیام اور نوجوانوں کی تعلیمی ترقی شامل ہیں۔

سیمینار کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا پوری طرح احساس کرتے ہوئے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مثبت اور فعال کردار ادا کریں گے۔

سیمینار میں کیچ سول رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا، جو باہمی رابطہ کاری، موثر رابطے اور مسائل کے حل کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

-- مزید آگے پہنچایے --