ترکیہ کی بھارتی جارحیت پرغیر مشروط حمایت یاد رکھیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب

ترکیہ کی بھارتی جارحیت پرغیر مشروط حمایت یاد رکھیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ترکیہ کے ساتھ تجارتی تعاون مزید بڑھانے کا اعلان کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی، اس موقع ہر دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، علاقائی امن اور ثقافتی روابط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مریم نواز نے بھارتی جارحیت پر ترکیہ کی سفارتی، اخلاقی اور اسٹریٹجک سطح پر غیر متزلزل یکجہتی پر شکریہ ادا کیا، اور واضح کیا کہ ترکیہ کی بھارتی جارحیت پر حالیہ غیر مشروط حمایت پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور پاکستان گہرے مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کی ہر محاذ پر کھل کر حمایت کی، اور پاکستان کو اپنا برادر ملک قرار دیا، جنگ میں پاکستان کی فتح پر ترکیہ کے علاوہ آزربائیجان کے عوام نے بھی سڑکوں پر ریلیاں نکالیں اور پاکستان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا عزم دہرایا۔

پاکستان کیساتھ ترکیہ کے اعلانیہ تعاون کے بعد بھارت میں ترکیہ اور آذربائیجان کی اشیا کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جارہی ہے، بھارتی میڈیا اپنے عوام کو ورغلانے کی کوشش کر رہا ہے کہ ترکیہ اور آذربائیجان کی اشیا کا بائیکاٹ کیا جائے، کیوں کہ یہ دونوں ملک پاکستان کے قریبی اتحادی بن کر ابھرے ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --