عوام فوج کوملکی خودمختاری کا حقیقی پاسبان سمجھتے ہیں،صدر زرداری

عوام فوج کوملکی خودمختاری کا حقیقی پاسبان سمجھتے ہیں،صدر زرداری

صدر آصف علی زراری نے کہاہے کہ پاکستان کے عوام اپنے بہادر فوجیوں کوانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انہیں قومی عزت و وقار اور خودمختاری کا حقیقی پاسبان سمجھتے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارآج گوجرانوالہ چھائونی کے دورے کے موقعے پر افسروں اور جوانوں سے گفتگو میں کیا۔

صدر نے ان کے بلند حوصلے‘ جنگی تیاریوں اور فرض شناسی کی تعریف کی اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی۔

آصف علی زرداری نے معرکہ حق کی کامیابی سے تکمیل پر مسلح افواج کے مثالی کردار اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

وطن عزیز کے دفاع کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی اور سویلین شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ان کی قربانیوں پر قوم کو ہمیشہ فخر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے بہادر فرزندوں نے وطن عزیز کے دفاع کی خاطر غیر متزلزل عزم و استقلال کا مظاہرہ کیا اور بے مثال جرات مندی اور پیشہ ورانہ مہارت سے کام لیتے ہوئے دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیئے۔

آصف علی زرداری نے کہاتاریخ اس بات کی گواہ رہے گی کہ پاکستان کی مسلح افواج نے محض چند گھنوں کے اندر بے مثال مہارت اور عزم وحوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کو پسپا کردیا اور ملک کی طاقت، مقابلے کی صلاحیت اور اتحاد کا واشگاف الفاظ میں پیغام دیا۔

اس دورے میں وزیرداخلہ محسن نقوی صدر کے ساتھ تھے۔

اس سے پہلے صدر کی آمد پر بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔

منگلا اور گوجرانوالہ کورز کے کمانڈرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --