قومی اسمبلی میں کم عمر بچوں کی شادیوں پر پابندی سے متعلق بل منظور

قومی اسمبلی میں کم عمر بچوں کی شادیوں پر پابندی سے متعلق بل منظور

قومی اسمبلی نے انکم ٹیکس آرڈیننس ترمیمی بل، اسلام آباد میں بچوں کی شادی کی ممانعت اور فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل سمیت متعدد بل منظور کرلیے۔ڈان نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکم ٹیکس آرڈیننس ترمیمی بل پیش کیا جو ایوان نے منظور کر لیا۔

مسلم لیگ (ن) کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل پیش کیا، جو ایوان نے منظور کر لیا۔اسی طرح وزیر مملکت طلال چوہدری نے تحویل ملزمان ترمیمی بل 2025 پیش کیا جو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔ایوان نے طلال چوہدری کی جانب سے پیش کیے گئے پاکستان شہریت ترمیمی بل اور شہریت ایکٹ 1926 میں مزید ترمیم کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے دیوانی ملازمین ایکٹ 1973 میں مزید ترمیم کا بل پیش کیا جو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ایوان نے جام کمال کی جانب سے پیش کردہ انسداد اغراق محصولات ترمیمی بل 2025 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔اسلام آباد دارالحکومت کی حدود میں بچوں کی شادی کی ممانعت کا بل 2024 قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کی گیا، ایوان نے ضمنی ایجنڈے پر اسلام آباد دارالحکومت کی حدود میں بچوں کی شادی کی ممانعت کے بل 2024 کی کثرتِ رائے سے منظوری دی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں ضمنی ایجنڈے پر قرارداد پیش کرنے کی تحریک منظور کی گئی۔مسلم لیگ (ن) کی سیدہ نوشین افتخار نے سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) امتحانات کے لیے عمر کی حد میں پانچ سال کے اضافے کی قرارداد ایوان میں پیش کی، ایوان نے سی ایس ایس امتحانات کے لیے عمر کی حد میں پانچ سال کے اضافے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی۔

-- مزید آگے پہنچایے --