شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت، بھارت ہی جج، جیوری اور جلاد بنا ہوا ہے، بلاول بھٹو

شہریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت، بھارت ہی جج، جیوری اور جلاد بنا ہوا ہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں عام شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، یہاں بھارت ہی جج، جیوری اور جلاد بنا ہوا ہے۔عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے، یہ تنازع بھارت اقوام متحدہ میں لے کر گیا، اسے حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ دو ہفتوں سے بھارتی جارحیت کو برداشت کر رہا ہے، بھارت نے ایک کے بعد ایک جھوٹے الزامات بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر لگائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو معلوم ہے کہ آپ تب تک معصوم ہیں جب تک آپ گناہ گار ثابت نہیں ہوتے، مجھے الزام دیں لیکن ثبوت کے ساتھ اور کم از کم ٹرائل تو کریں، یہاں بھارت ہی جج، جیوری اور جلاد بنا ہوا ہے۔بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ بھارت فوج کو ٹارگٹ نہیں کر رہا بلکہ عام شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارت نے پاکستان کی خودمختاری پر سوال اٹھایا ہے، زمین پر کوئی بھی آزاد اور خودمختار ریاست جنگی حالات میں جوابی کارروائی ہی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مقصد بہت زیادہ عظیم ہے، اس کیلئے کشمیری یا پاکستانی عوام کو دہشت گردی پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں، دہشت گردی صرف ایک خلفشار نہیں ہے بلکہ یہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے بھی نقصان دہ ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا مزید کہنا تھا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم انسانیت کیلئے نقصان دہ ہوگا۔

-- مزید آگے پہنچایے --