کور کمانڈرزکا ملکی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کےتحفظ کےعزم کا اعادہ

کور کمانڈرزکا ملکی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کےتحفظ کےعزم کا اعادہ

خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس نے کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کے خلاف ملکی سا لمیت کے تحفظ اور علاقائی یکجہتی کی پاسداری کے پاکستان کی مسلح افواج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

کانفرنس بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے زیر صدارت آج راولپنڈی میں ہوئی جس میں موجودہ جغرافیائی اور تذویراتی صورتحال بالخصوص پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا۔

فورم نے امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ جنگ مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائیگا اور پاکستان کے عوام کی امنگوں کا ہر قیمت پر احترام کیا جائیگا۔اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بالخصوص حالیہ پہلگام واقعے کے تناظر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔

فورم نے کہا کہ پہلگام کا واقعہ بظاہر پاکستان کی توجہ مغربی محاذ اور معیشت کی بحالی کیلئے جاری قومی کوششوں سے ہٹانے کی سوچی سمجھی حکمت عملی کا حصہ لگتا ہے۔فورم نے اس بات پر شدید خدشات ظاہر کئے کہ بھارت اب پہلگام واقعے کی آڑ میں دیرینہ سندھ طاس معاہدہ توڑنا چاہتا ہے جس کا مقصد پاکستان کے قانونی اور ناقابل تنسیخ آبی حقوق غصب کرنا ہے۔

کانفرنس میں پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں کی پشت پناہی کرنے میں بھارتی فوج اور خفیہ ادارے کے براہ راست ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پر بھی گہری تشویش ظاہر کی گئی۔آخر میں آرمی چیف نے قوم کو درپیش ہر قسم کے خطرے سے دفاع کیلئے ملک کی تمام مسلح افواج کی آپریشنل تیاری اور دفاعی حکمت عملی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --