پاکستان میں اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں جہاں متحدہ عرب امارات اور روانڈا کے وزرائے خارجہ سرکاری دورے پر پہنچے ہیں۔
اتوار کے روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا اسلام آباد میں خیرمقدم کیا۔ شیخ عبداللہ دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان میں موجود ہیں، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
دوسری جانب روانڈا کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون، ایمبیسڈر اولیویئر جین پیٹرک اندوہونگیریہے بھی آج اسلام آباد پہنچے۔ ان کی آمد پر وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل افریقہ، پاکستان میں روانڈا کے ہائی کمشنر اور دیگر سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
یہ اعلیٰ سطحی دورے پاکستان کے خلیجی اور افریقی ممالک کے ساتھ سفارتی روابط کو مزید وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔