وزیر اعظم شہباز شریف نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر سات روزہ ملک گیر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنانے کے لیے انسداد پولیو کی فیلڈ ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور ملک سے پولیو وائرس کے مکمل خاتمے میں مدد کریں۔
وزیراعظم نے اجتماعی کوششوں کے ذریعے پولیو کے خاتمے کی پاکستان کی صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے جامع اور موثر سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے پولیو وائرس کے خلاف جنگ میں عوامی بیداری اور متحرک ہونے کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نے پاکستان سے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کی کوششوں میں مسلسل تعاون پر عالمی ادارہ صحت اور گیٹس فاؤنڈیشن سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔