راولپنڈی میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے نویں میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 120 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر سیزن کی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔
زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ ترتیب دیا۔
ٹام کوہلر کیڈمور نے جارحانہ انداز میں 52 رنز، محمد حارث نے 45، عبدالصمد نے 40، حسین طلعت نے 37 اور مچل اوون نے 34 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ بابر اعظم اور صائم ایوب صرف 2،2 رنز بنا سکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈ ویلی، مائیکل بریسویل اور عبید شاہ نے 2،2 وکٹیں جبکہ افتخار احمد نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم 228 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے صرف 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عثمان خان 44 اور شائی ہوپ 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پشاور زلمی کے فاسٹ بولر علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، جبکہ عارف یعقوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ پشاور زلمی کی دو مسلسل ناکامیوں کے بعد پہلی فتح ہے، جبکہ ملتان سلطانز کو ایونٹ میں مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ لاہور قلندرز 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔