کویت کی جانب سے پاکستان کی تیل کریڈٹ سہولت میں دو سال کی توسیع پر شکرگزار ہیں:علی پرویز

کویت کی جانب سے پاکستان کی تیل کریڈٹ سہولت میں دو سال کی توسیع پر شکرگزار ہیں:علی پرویز

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ کویت کی جانب سے پاکستان کی تیل کریڈٹ سہولت میں دو سال کی توسیع پر شکرگزار ہیں۔یہ بات انہوں نے کویت کے سفیر جناب نصر عبدالرحمن المطیری سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔علی پرویز ملک نے کویت جیسے برادر ممالک کی حمایت پر اظہار تشکر کیا، یہ حمایت وزیراعظم شہباز شریف کی کامیاب معاشی اصلاحات کے لیے اہم رہی ہے۔ کویتی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی نمایاں معاشی ترقی، خاص طور پر معیشت کو مستحکم کرنے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی کے سفر پر اعتماد کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور توانائی کے شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط کرنے کے کویت کے عزم کا اعادہ کیا۔

علی پرویز ملک نے کویت کی حمایت کو سراہتے ہوئے پاکستان کے لیے خصوصی رعایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کویت پٹرولیم کی طرف سے دو سال کے لیے بڑھائی گئی کریڈٹ سہولت کا بہت شکرگزار ہے۔پی ایس او اور کویت پٹرولیم کی شراکت داری بہترین ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کو فپیک (KUFPEC) پہلے ہی ایکسپلوریشن کے شعبے میں موجود ہے اور ان کی آف شور ایکسپلوریشن میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے پٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے راستوں کو تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔وزیر علی پرویز ملک نے کویت کے سفیر کا مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور خلیجی ممالک، خاص طور پر توانائی اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کی عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کویت کے عوام، امیر کویت اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور کویت کے درمیان پائیدار تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --