نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریزمیں وائٹ واش اور کپتان محمد رضوان کی انوکھی منطق

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ون ڈے سیریزمیں وائٹ واش اور کپتان محمد رضوان کی انوکھی منطق

نیوزی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تین ون ڈے میچوں کی سیریزمیں تین صفر سے شکست دیکر وائٹ واش کردیا ہے، ون ڈے سیریز سے قبل نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔ دلچسپ صورتحال یہ ہے کہ ہر شکست اور بدترین شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ یا کپتان کی جانب سے جو وجوہات سامنے آتی ہیں وہ بھی انتہائی دلچسپ ہوتی ہیں۔

ون ڈے سیریز میں وائٹ واش ہونے کے بعد ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کو تمام کریڈٹ دوں گا، وہ ہر شعبے میں ہم سے اچھا کھیلے، نیوزی لینڈ نے ایشین کنڈیشنز میں بھی اچھا پرفارم کیا تھا اور اس سیریز میں بھی اچھی کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہونے جارہی ہے، امید ہے کھلاڑی عمدہ پرفارمنس دیں گے۔

ٹیم کے کپتان محمد رضوان سے پوچھا جائے کہ جناب کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلنے کیلئے بھیجا گیا تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی تعریفوں کے پل باندھنے کیلئے بھیجا گیا تھا۔۔۔؟ شکست کے بعد کوئی ٹھوس وجہ بتانے کی بجائے محمد رضوان صاحب نے میچ کے بعد کمنٹری شروع کردی اور اس میں بھی سوائے نیوزی لینڈ کی تعریفوں کے اور کچھ نہیں تھا یعنی جناب کے پاس ٹیم کے حوالے سے کوئی بات کرنے کیلئے ہے ہی نہیں تھی، یہ حال ہے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا۔

ان کا یہ بھی کہنا کہ اب پی ایس ایل ہونے جا رہی ہے امید ہے کہ کھلاڑی اس میں اچھا پرفارم کرینگے دراصل نیوزی لینڈ کیخلاف ہتک آمیز شکست سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے دوسرا ان جناب کپتان صاحب کو یہ بھی بتایا جائے کہ ہمیں آپ کی پی ایس ایل نہیں بین الاقوامی ٹیموں کیخلاف کارکردگی درکار ہے، پی ایس ایل میں تو آپ گلی محلے سے آئے باؤلرز کی دھنائی کرلینگے، آپ کے باؤلرز بھی گلی محلے سے آئے بیٹرز کو ڈرا دھمکا کر آئوٹ کرکے فلائنگ کس بھی کر لینگے مگر کیا آپ کو شرم نہیں آرہی کہ جو آپ کا اصل کام ہے یعنی بین الاقوامی کرکٹ اس میں آپ اور آپ کی پوری ٹیم ناکام ہیں۔

محترم جناب کپتان محمد رضوان صاحب آپ کو اور آپ کی ٹیم کو نیوزی لینڈ سے جیتنے کیلئے بھیجا تھا آپ ایک تو ان سے بری طرح سے شکست کھا گئے اور پھر وہاں بیٹھ کر ان کی تعریفیں کرکے واپس آرہے ہیں یہ کام تو ان کے اپنے تجزیہ کار کرلینگے جو آپ نے کیا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --